یوٹیوبر عرفان جونیجو کا کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو بنانے سے صاف انکار

ویب ڈیسک  پير 19 اگست 2019
عرفان جونیجو کشمیر میں جاری خونریزی پر ویڈیو نہ بنانے کی وجہ سے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنے رہے (فوٹو: فائل)

عرفان جونیجو کشمیر میں جاری خونریزی پر ویڈیو نہ بنانے کی وجہ سے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنے رہے (فوٹو: فائل)

 کراچی: مودی سرکار کی کشمیر میں جاری خونریزی کے خلاف آواز نہ اُٹھانے پر یوٹیوبرز پر خاصی تنقید دیکھنے میں آئی اس حوالے سے معروف یوٹیوبر عرفان جونیجو کا رد عمل سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو بنانے سے صاف انکار کردیا ہے۔

عرفان جونیجو نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کشمیر کے حوالے سے وی لاگ نہ بنانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے انسٹا گرام اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان باکس آرہے تھے کہ کشمیر پر ویڈیو کیوں نہیں بنائی؟ آپ کی غیرت کم ہوگئی؟ کیا ویڈیو بنانے سے بھارتی فالوورز کم ہو جائیں گے؟ اور گالیاں بھی دی گئیں۔

عرفان جونیجو نے یہ بھی کہا کہ صارفین کی جانب سے کیے جانے والے میسجز میں مجھ سے درخواست نہیں کی گئی بلکہ وہ دھمکیاں ہیں، میں کشمیر پر ویڈیو نہیں بناؤنگا وہ اس لیے کہ میں پہلے بھی سیاسی اور مذہبی موضوع پر ویڈیو بنا کر غلطی کرچکا ہوں جس پر لوگوں کا ردعمل منفی تھا۔

عرفان نے ویڈیو نہ بنانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی لاشیں رکھ کر احتجاج کر رہی تھی، میں نے اس پر بھی ویڈیو نہیں بنائی، اہل تشیع لاپتا افراد کا خاندان مظاہرہ کر رہا تھا میں نے ان کی بھی ویڈیو نہیں بنائی، میرے پاس سب بہترین موقع تھا جب بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو پکڑا تھا، اس سے میں بہت پیسہ کما سکتا تھا لیکن میں نے اس پر بھی ویڈیو نہیں بنائی۔

یوٹیوبر نے یہ بھی کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ جو بھی کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ معمولی بات ہے، مجھے اندازہ ہے وہاں کیا ہو رہا ہے، مجھے اس بات کا دکھ بھی ہے کیوں کہ یہ بہت ہی حساس معاملہ ہے اور کشمیر میں ہونے والی بربریت کی مذمت بھی کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں پر جاری ظلم و جبر کے خلاف خاموشی اختیار کیے جانے پر تنقید کی جارہی تھی یہاں تک کہ گزشتہ روز عرفان جونیجو ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنے ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔