سندھ؛ یونین کونسلز نادرا کے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 اپريل 2021
یو سی سے ایک بار جاری سرٹیفکیٹ دوبارہ کسی اور یوسی سے جاری نہیں ہوگا، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ۔ فوٹو: فائل

یو سی سے ایک بار جاری سرٹیفکیٹ دوبارہ کسی اور یوسی سے جاری نہیں ہوگا، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  صوبے کی تمام یونین کونسلز کو نادرا کے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک کر دیا گیا۔

سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ نے بتایاکہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ کئی ماہ سے نادرا حکام اور محکمہ بلدیات سندھ کے افسران کے مشترکہ اجلاس منعقد کیے جاتے رہے جس کے تحت سندھ کی تمام یونین کونسلز کو نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے رئیل ٹائم اپ گریڈیشن کے تحت منسلک کرنا مقصود تھا جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوچکی ہے۔

انھوں نے کہاکہ پہلے پیدائش، اموات، نکاح و طلاق کے سرٹیفکٹس کے اجرا کے لیے مینیول طریقہ کار رائج تھا تاہم اب صوبے کی تمام یونین کونسلز نادرا کے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک کرکے فعال کردی گئی ہیں، کسی بھی یونین کونسل سے ایک بار جاری ہونے والاسرٹیفکٹ دوبارہ کسی صورت ملک کی کسی اور یونین کونسل سے جاری نہیں ہوسکے گا۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس منفرد اور عوامی بہبود کے منصوبے کو نہ صرف ڈیزائن کیا بلکہ عوام کی سہولت کے لیے باقاعدہ فعال بھی کردیاگیا ہے۔

نجم احمد شاہ نے مزید بتایا کہ رئیل ٹائم اپ گریڈیشن پراسس کے تحت محض ایک گھنٹے میں درج شدہ کوائف نادراکے مرکزی ڈیٹا بیس سے تصدیق کے بعد یونین کونسلز میں نمودار ہوجائیں گی جس کے بعد پورے ملک کی کسی بھی دوسری یونین کونسل یا ٹاؤن کمیٹی سے ان ہی کوائف پر مشتمل بوگس یا جعلی سرٹیفکٹ کا اجرا ممکن نہیں ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔