بھارت کیجانب سے کھلنے اور بھارتی جھنڈا لہرانے پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی پر پابندی عائد

یہ فیصلہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں باقاعدہ منظوری کے بعد کیا گیا


ویب ڈیسک December 27, 2025

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری شافع حسین نے پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللّٰہ راجپوت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں باقاعدہ منظوری کے بعد کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ عبیداللّٰہ راجپوت کو پابندی کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا، جبکہ ان کا کیس مزید کارروائی کے لیے ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ ڈسپلنری کمیٹی معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

چوہدری شافع حسین نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی کھلاڑی کو این او سی کے بغیر بیرونِ ملک کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 2026 میں پاکستان کبڈی فیڈریشن قومی اور بین الاقوامی سطح پر 13 ایونٹس کا انعقاد کرے گی تاکہ کھیل کے معیار اور کھلاڑیوں کی تیاری کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ خواتین کبڈی کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایران سمیت دیگر مسلم ممالک کی کبڈی ٹیموں کو انڈور کبڈی ٹورنامنٹس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن ہر سطح پر کبڈی کے فروغ اور کھیل کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، تاکہ پاکستان کی نمائندگی بین الاقوامی میدان میں مزید مضبوط اور مؤثر بنائی جا سکے۔

 

مقبول خبریں