زمبابوین ٹیم کی آج پاکستان کیخلاف دوسری آزمائش

مہمان ٹیم بنچ پر بیٹھے کرکٹرزکو موقع دینے کیلیے تیار، شعیب ملک ون ڈے میں 7 ہزار رنز مکمل کرنے کے قریب


Sports Desk July 16, 2018
مہمان ٹیم بنچ پر بیٹھے کرکٹرزکو موقع دینے کیلیے تیار، شعیب ملک ون ڈے میں 7 ہزار رنز مکمل کرنے کے قریب۔ فوٹو: اے ایف پی

زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرا ون ڈے آج بولاوایو میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور زمبابوے کی پرفارمنس اور معیار میں حائل گہری خلیج نے اس پانچ میچز کی سیریز کو ایک طرح سے بے معنی بناکر رکھ دیا ہے، بولاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے 201 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انھیں اس دوران حریف سائیڈ کی جانب سے کسی بھی قسم کے چیلنج یا مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کی توجہ ورلڈ کپ کیلیے تیاریوں پر مرکوز اور اس کمزور ٹیم کے ساتھ مقابلوں کی حیثیت بظاہر کسی پریکٹس سیشن کے دوران وارم اپ مقابلے سے زیادہ کی دکھائی نہیں دے رہی۔ اوپنر امام الحق نے بھی کمزور حریف کے سامنے ایک اور سنچری جڑ دی، یہ ان کی پانچ میچز میں دوسری تھری فیگر اننگز ہے۔ فخر زمان بھی ٹاپ آرڈر کو مستحکم کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔

میزبان سائیڈ کے خلاف پاکستانی بیٹنگ کہیں بہتر، لچکدار اور اس میں کافی گہرائی پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب زمبابوین کھلاڑی ہیں جن میں سے بہت سے گمنام ہیں جنھیں اہم پلیئرز کے بائیکاٹ کے باعث میدان میں اتارا جارہا ہے، ان کے پاس چونکہ کھونے کو کچھ بھی نہیں ہے اس لیے وہ ہر قسم کے دباؤ سے پوری طرح آزاد ہیں۔ پہلے میچ میں وکٹ کیپر ریان مرے اور آف اسپنر لیام روچ نے ڈیبیو کیا تھا اور دوسرے میچ میں بھی تبدیلی کا امکان روشن ہے۔

ادھر پاکستان 201 رنز کی کامیابی کے بعد پلیئنگ الیون میں تبدیلی کرسکتا ہے، سیریز شروع ہونے سے قبل کپتان سرفراز احمد نے بھی عندیہ دیا تھا کہ سب کو موقع دیا جائے گا تاہم انجانے خدشات ٹیم مینجمنٹ کو پہلے میچ کی فاتح الیون ہی میدان میں اتارنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔

موسم بدستور سرد اور درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے، پچ بدستور فلیٹ ہے تاہم ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بولنگ کا آپشن منتخب کرکے نمی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرسکتی ہے۔

علاوہ ازیں شعیب ملک کو ون ڈے کرکٹ میں 7 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید تین رنز درکار ہیں۔ زمبابوین کپتان ہیملٹن مساکیڈزا کہتے ہیں کہ یہ چند کھلاڑیوں کے لیے انٹرنیشنل لیول سے لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع ہے۔

مقبول خبریں