ڈاکٹر پرویز محمود قتل کیس؛ ملزمان کے تاحیات ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 30 جنوری 2019
جیل حکام نے گرفتار ملزم سعید عرف کالا کو عدالت میں پیش کردیا فوٹو:فائل

جیل حکام نے گرفتار ملزم سعید عرف کالا کو عدالت میں پیش کردیا فوٹو:فائل

 کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل کے مقدمے میں ایم کیو ایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت 11 مفرور ملزمان کے تاحیات ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ 

کراچی سنٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 16 کے روبرو جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے گرفتار ملزم سعید عرف کالا کو پیش کیا۔

عدالت نے ایم کیو ایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت 11 مفرور ملزمان کے تاحیات ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ مفرور ملزمان و ٹارگٹ کلر اسکارڈ میں عمران اعجاز نیازی، طاہر قادیانی، زبیر عرف پپا، عبد الرحمان قریشی، جوائنٹ سیکٹر انچارج ریحان، آصف آلٹو، فیضان الیاس، سمیر نائی اور شکیل موٹا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 6 سال بعد جماعتِ اسلامی کے ٹاؤن ناظم ڈاکٹرپرویزمحمود کے قتل کا معمہ حل

عدالت نے سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میں مسعود عرف کالا گرفتار ہے جو ایم کیو ایم کی ٹارگٹ کلر ٹیم رکن ہے۔ ملزم پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔  مسعود عرف کالا نے تفتیش کے دوران ڈاکٹر پرویز محمود کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا۔ ٹاؤن ناظم لیاقت آباد ڈاکٹر پرویز محمود کو کے ڈی اے چورنگی کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظم کے ہمراہ ان کے دوست خلیق اللہ بھی جاں بحق ہوئے تھے۔ ملزم نے اپنی ٹارگٹ کلر اسکارڈ کے ساتھ مقتولین کو نشانہ بنایا۔ ڈاکٹر پرویز محمود کا قتل کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کے کہنے پر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔