انوکھا ریسٹورینٹ جہاں بیرے بدتمیزی کرنے کا معاوضہ لیتے ہیں

اپنے بیروں کی بدتمیزی پر اعلانیہ فخر کرنے کے باوجود اس ریسٹورینٹ کا کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے


ویب ڈیسک March 22, 2022
اپنے بیروں کی بدتمیزی پر اعلانیہ فخر کرنے کے باوجود اس ریسٹورینٹ کا کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے۔ (تصاویر: متفرق ویب سائٹس)

برطانیہ اور آسٹریلیا میں 'کیرنز ڈائنر' ریسٹورینٹس بڑے فخر سے اعتراف کرتے ہیں کہ ان کے یہاں کام کرنے والے بیرے بہت بدتمیز ہیں جنہیں گاہکوں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آنے اور نخرے دکھانے کا معاوضہ دیا جاتا ہے۔

کیرنز ڈائنر نے ویٹرز اور ویٹریسز کی اسی بدتمیزی کو اپنا سلوگن 'بہترین کھانا، بدترین سروس' (Great Food, Terrible Service) بنایا ہوا ہے۔



سلوگن سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیرنز ڈائنر میں ملازمت کےلیے بیرے کا بدتمیز ہونا ضروری ہے۔

اپنے بیروں کی بدتمیزی پر اعلانیہ فخر کرنے کے باوجود، کیرنز ڈائنر کا کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے۔

اکتوبر 2021 میں انہوں نے اپنا پہلا ریسٹوریانٹ سڈنی میں کھولا تھا، جبکہ برسبین میں ان کا ریسٹورینٹ اس سال اپریل تک کام شروع کردے گا۔ ان کا تیسرا ریسٹورینٹ ملبورن میں اسی سال کام شروع کردے گا۔



آسٹریلیا کے علاوہ برطانوی شہر شیفیلڈ میں کیرنز ڈائنر کا ایک ریسٹورینٹ اسی مہینے لانچ کردیا جائے گا جبکہ مانچسٹر میں ان کا دوسرا برطانوی ریسٹورینٹ بہت جلد متوقع ہے۔

کیرنز ڈائنر انتظامیہ کے مطابق، اگلے سال کے اختتام تک اس ادارے کے دس ریسٹورینٹ مختلف ملکوں میں کھولے جاچکے ہوں گے۔ ان میں امریکی شہر لاس اینجلس اور نیویارک بھی شامل ہیں۔

کیرنز ڈائنر سڈنی میں لنچ کرنے والی ایک مقامی خاتون نے مقامی اخبار کو بتایا کہ بیرے وہاں آنے والے گاہکوں پر چیخ رہے تھے اور ان کی میزوں پر مینیو پٹخ پٹخ کر رکھ رہے تھے۔

یہی نہیں بلکہ وہ بیہودہ فقروں کے ساتھ گاہکوں کے بالوں اور کپڑوں کا مذاق بھی اڑا رہے تھے۔

اگر گاہک غلطی سے کچھ پوچھ لے تو بیرے جواب میں انہیں برا بھلا کہنے لگتے ہیں اور گالیاں تک دیتے ہیں۔

یہ عجیب و غریب بلکہ بدتمیز ریسٹورینٹ، ایڈن لیون صاحب کے ذہن کی اختراع ہے جو ''وائرل وینچرز'' نامی ٹیکنالوجی کمپنی کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔

''میں ریسٹورینٹ کو ایک ایسی جگہ بنانا چاہتا تھا جہاں آپ کچھ بھی کہہ سکیں، جو آپ کا دل چاہے کرسکیں اور کھانے کے علاوہ، آزادی کے ساتھ کچھ بھی کر سکنے کا مزا لے سکیں۔''

یعنی اس ریسٹورینٹ میں صرف بیروں کو بدتمیزی کی اجازت نہیں بلکہ گاہک بھی بدتمیزی کےلیے مکمل آزاد ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں