دہشتگردوں کی مالی معاونت کیلیے پختونخوا سے بھاری مقدار میں سونے کی افغانستان اسمگلنگ

طورخم بارڈر پر ملزمان سے 6 کلو سونا برآمد کیا گیا، مقدمے میں 3 گواہوں کے بیانات قلمبند


ویب ڈیسک September 02, 2025
(فوٹو : فائل)

پشاور:

دہشت گردوں کی مالی معاونت کے لیے خیبر پختونخوا سے بھاری مقدار میں سونے کی افغانستان  میں اسمگلنگ کی جاتی رہی ہے۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت پشاور میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال ہونے والے سونے کی اسمگلنگ کیس کی سماعت اے ٹی سی جج محمد اقبال خان نے کی۔

دورانِ سماعت 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ بعد ازاں عدالت نے مزید گواہان کو اگلی سماعت کے لیے طلب کر لیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق پشاور اور گردونواح سے بھاری مقدار میں سونا افغانستان اسمگل کیا جا رہا تھا۔ طورخم بارڈر پر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں سونا برآمد کیا گیا اور ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا، جس کی نشاندہی پر مزید 19 ملزمان کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے تقریباً 6 کلو سونا برآمد ہوا جو افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف باقاعدہ ٹرائل شروع کیا گیا ہے۔

ٹرائل کے دوران 3 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جب کہ عدالت نے مزید گواہان کو 4 ستمبر کی سماعت کے لیے طلب کر لیا ہے۔

مقبول خبریں