کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال ابھی تک غیر معمولی ہے لیکن حکومت سندھ نے بروقت اقدامات کر رکھے ہیں۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت سیلابی صورتحال پر دن رات نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ریلیف کے تمام محکمے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں، حکومت سندھ کے لیے عوام کی جان و مال سے بڑھ کر کچھ نہیں، عوام اور ان کے املاک کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کچہ کے علاقوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7,724 افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو چکے ہیں، مجموعی طور پر 141,611 لوگ کچہ کے علاقوں سے محفوظ جگہوں کو منتقل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے قائم کردہ 159 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ کیمپس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4,894 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، فکسڈ اور موبائل ہیلتھ کیمپس میں اب تک 50,040 افراد کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8,577 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، ابھی تک 388,940 مویشیوں کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 36,881 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج کیا گیا ہے، مجموعی طور پر اب تک 974,825 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج کیا جا چکا ہے۔