مودی راج میں اقلیتوں بالخصوص مسلم خواتین کے لیے عدم تحفظ کی ایک اور شرمناک مثال سامنے آ گئی۔بھارتی ریاست بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے سرکاری تقریب کے دوران مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب زبردستی کھینچ لیا۔
مودی راج میں خواتین اور اقلیتیں بدستور غیر محفوظ ہیں۔بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ناروا سلوک کا ایک اور شرمناک واقعہ سامنے آ گیا۔
ہندوتوا نظریے کے حامی بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نےسرکاری تقریب کے دوران مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔
اس شرمناک واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی شدید ردِعمل سامنے آیا، اور اس عمل کو خواتین کی عزت، ذاتی آزادی اور مذہبی وقار پر کھلا حملہ قرار دیا گیا۔
اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کل بہار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے، جس میں ایک مسلمان بہن کے نقاب کی بے حرمتی کی گئی، نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور نام نہاد حقوقِ انسانی کے علمبرداروں کے دوہرے معیار کو بے نقاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ مظلوموں کی حفاظت کے لیے صرف دعوے کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایک مضبوط پاکستان اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مظلوم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں فیض نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کے نوجوانوں کو انتشار اور مایوسی کی طرف دھکیلا، تاہم پاک فوج نے اپنے ادارے سے احتساب کا عمل شروع کرکے مثال قائم کر دی۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوجوانوں کا مستقبل بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور حکومت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپس، اسکالرشپس اور بلاسود قرضے فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کو گمراہ کر کے ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف کھڑا کیا۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ آج دنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہے، غیر ملکی وفود کے دورے اور عالمی معاہدے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھیلوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دن بدن کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف قوتیں ملک کے امن کے خلاف سرگرم ہیں، تاہم پاک فوج اور سیاسی اداروں کے احتساب نے دنیامیں مثال قائم کی ہے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں میرٹ کی مثال قائم ہو رہی ہے اور پاکستان کے اندر شفاف اور مؤثر اقدامات جاری ہیں۔