قدیم روایات کی امین۔۔۔ ساڑھی

ساڑھی فیشن کی دنیا میں ایسا خوب صورت اور منفرد لباس مانا جاتا ہے جو ہمیشہ فیشن میں موجود رہتا ہے


Sadaf Asif August 31, 2015
دراز قد خواتین پر ساڑھیاں خوب جچتی ہیں۔ فوٹو: فائل

QUETTA: ہماری خواتین کے پسندیدہ ملبوسات کے بارے میں جب بھی بات کی جائے گی تو اس میں ساڑھی کا تذکرہ بھی ضرور ہوگا۔ یوں تو یہ برصغیر بھر کی خواتین کا پہناوا ہے لیکن ہمارے ہاں کی بھی بیش تر خواتین کے پاس ایک، دو ساڑھیاں ضرور ہوتی ہیں۔

ساڑھی فیشن کی دنیا میں ایسا خوب صورت اور منفرد لباس مانا جاتا ہے، جو ہمیشہ فیشن میں موجود رہتا ہے۔ اسے ہر تقریب کی مناسبت سے زیب تن کیا جا سکتا ہے۔۔۔ شادی بیاہ، رات کی تقریبات وغیرہ شامل ہیں۔

یہ ایک قدیم لباس ہے، اس کا شمار برصغیر پاک و ہند کے منفرد اور خوب صورت پہناووں میں کیا جاتا ہے۔ اس کی تاریخ دراصل قدیم ہند سے جڑی ہوئی ہے، یہ وہاں کی خواتین کا عام پہناوا تھا، جو ایک لمبی چادر پر مشتمل ہوتا تھا ،جسے آدھا پہنا اور آدھا اوڑھا جاتا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تراش خراش اور پہننے کے طور طریقے میں تبدیلیاں آتی رہیں۔ غیر منقسم ہندوستان کے بہت سے طبقوں نے اسے اپنی اپنی روایات اور اقدار کے مطابق ڈھال کر زیب تن کیا اور اس کا ہر طریقہ اپنی اپنی جگہ منفرد اور قبولیت کی سند تک پہنچا۔ ہندوستان میں خاص طور پر جنوبی ہند، بمبئی، مہاراشٹر، بنگال، بہار، یوپی اور سی پی کے علاقوں میں اس لباس کا رجحان سب سے زیادہ ہے۔ وہاں کی ساڑھیاں دنیا بھر میں اپنی روایات اور مخصوص بناوٹ کی وجہ سے مشہور ہیں، وہیں سے ان کا رواج دنیا بھر میں عام ہوا۔

ساڑھی کی کئی اقسام ہیں۔ جس میں علاقے اور وہاں کے رسم و رواج کے حساب اور سوچ کے مطابق تبدیلی آتی رہی ہے۔ سلک، کاٹن، جارجٹ، نیٹ، کامدانی یا سادی ساڑھیاں خواتین بہت شوق سے پہنتی ہیں، مگر بنارسی ساڑھیوں کی چھب ہی نرالی ہے اور وہ سب سے زیادہ قیمتی اور دل کش ہوتی ہیں۔ ساڑھیاں دھنک کے ساتوں رنگوں میں دست یاب ہوتی ہیں، جو نگاہوں کو بہت بھاتی ہیں۔ دوسرے لباس کے مقابلے میں ساڑھی بہت آسانی سے سل جاتی ہے۔ اس کے لیے ایک چھے یا سات گز کا کپڑا اور اچھی سی لیس یا بنارسی پٹی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کوئی بھی درزی دو سے تین گھنٹوں میں ساڑھی تیار کر سکتا ہے اور یہ گھر میں بھی سی جا سکتی ہے۔ ساڑھی کو چھوٹی کرتی (Blouse)، پیٹی کوٹ یا چولی کے ساتھ پہنا جاتا ہے۔

فیشن کی دنیا میںساڑھی کے ساتھ ساتھ 'کرتی' پر بھی نت نئے تجربات کر کے انہیں دل کش اور خوب صورت بنایا گیا، جیسا کے پوری آستین، بیک پر کڑھائی یا زردوزی کا کام، سادی سلک کی ساڑھی پر کام دار یا پرنٹڈ بلاؤز، ساڑھیوں پر کنٹراسٹ بلاؤز اس کے علاوہ سردیوں میں پلین یا ریشمین ساڑھی پرویلوٹ کے بلاؤز پہنے جاتے ہیں۔

دراز قد خواتین پر ساڑھیاں خوب جچتی ہیں، یا یوں کہیے کہ دراصل یہ خوب صورت ملبوس ان کے حسنِ قامت کو اور بھی بڑھا دیتا ہے، جب کہ درمیانے یا چھوٹے قد کی خواتین بھی اس لباس کو بصد شوق پہنتی ہیں۔ اب انٹرنیٹ پر بھی مختلف ساڑھیوں کے نت نئے ڈیزائن فروخت کے لیے پیش کیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر اس کی خریدو فروخت میں آسانی ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ نت نئی ساڑھیوں کی تراش خراش سے بھی آگاہی ہوتی رہتی ہے۔

مقبول خبریں