ایک اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیاگیا، مریم نواز

ویب ڈیسک  جمعـء 28 جولائی 2017
مریم نواز نےکارکنان کو ثابت قدم رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نواشرف واپس آئیں گے؛فوٹوفائل

مریم نواز نےکارکنان کو ثابت قدم رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نواشرف واپس آئیں گے؛فوٹوفائل

اسلام آباد: نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نےوزیر اعظم کی نااہلی پر ردعمل ظاہر کرتےہوئے کہا ہے کہ ایک اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیاگیا۔

سپریم کورٹ نے آج ملکی تاریخ کا سب سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے وزیر اعظم  نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس گلزار ،جسٹس اعجاز فضل، جسٹس شیخ عظمت سعیداور جسٹس اعجازالحسن پر مشتمل 5 رکنی بینچ نے آج نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔

وزیر اعظم کی نااہلی پر جہاں پی ٹی آئی کارکنان نے خوشیاں منائیں وہیں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ایک اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیا گیا،  انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان کو ثابت قدم رہنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعظم زیادہ بڑی حمایت اور قوت کے ساتھ  جلد واپس آئیں گے‘‘۔

مریم نوازنے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حامیوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ’’کیوں غم میں ہیں، یہ پہلی بار نہیں کہ آپ کے لیڈر کو احتساب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اس طرح کی تمام چیزیں انہیں مزید مضبوط بناتی ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا باہمت شخص مشکل حالات کا ہنس کر مقابلہ کرتا ہے۔

انہوں نے آج کے فیصلے کو 2018 کے الیکشن میں نوازشریف کی جیت کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو کوئی نہیں روک سکتا! روک سکتے ہوتو روک لو۔

واضح رہے کہ جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی عملدرآمد بینچ کے روبرو جے آئی ٹی نے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی عدالت نے 5 سماعتوں کے دوران رپورٹ پرفریقین کے اعتراضات سنے اور 21 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔