بھارتی علماء نے یوم آزادی پر قومی ترانہ پڑھنے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2017
حکومت ہم سے مدارس میں شریعت کی خلاف ورزی کا مطالبہ کررہی ہے، مولانا اسجد رضا خان۔ فوٹو: فائل

حکومت ہم سے مدارس میں شریعت کی خلاف ورزی کا مطالبہ کررہی ہے، مولانا اسجد رضا خان۔ فوٹو: فائل

لکھنؤ: بھارتی علماء نے اپنے قومی ترانے کو غیراسلامی قرار دیتے ہوئے یوم آزادی پر اسے پڑھنے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کی حکومت نے مدارس میں یوم آزادی کی تقریبات منانا لازمی قرار دے دیا جس کے ثبوت کے طور پر مدارس انتظامیہ کو تقریبات کی ویڈیو بنانے کا بھی حکم دیا ہے تاہم دوسری جانب بھارتی علما نے  قومی ترانے کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے یوم آزادی پر اسے پڑھنے سے انکار کردیا۔ بھارتی علما نے عوام سے بھی قومی ترانہ نہ پڑھنے کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کا ترانہ لازمی قرار

مولانا اسجد رضا خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور نے یہ ترانہ برطانوی بادشاہ جارج پنجم کی تعریف میں لکھا تھا اور بادشاہ کو اپنا ’’ادھی نایک‘‘ یعنی تقدیر کا فیصلہ کرنے والا قرار دیا تھا، جب کہ اسلام کی رو سے ہمارا ادھی نایک اللہ تعالی ہے، اس لیے ہم یہ ترانہ نہیں پڑھیں گے، یہاں تک کہ راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ نے بھی بھارتی قومی ترانے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کا قومی ترانہ بھولنے پر سونم کپور شدید تنقید کی زد میں

مولانا اسجد رضا خان نے کہا کہ شریعت کی رو سے تصویر اور ویڈیو بنانا غیر اسلامی ہے، حکومت ہم سے مدارس میں شریعت کی خلاف ورزی کا مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے تمام مدارس سے اپیل کی اگر بھارت کا جشن آزادی منانا ہے تو منائیں لیکن قومی ترانہ نہ گائیں۔ پیلی بھیت کے مفتی مولانا زرتاب رضا خان نے بھی کہا کہ وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ متنازع سرکاری حکم نامہ واپس لیں بصورت دیگر مسلمان قانون کی خلاف ورزی پر مجبور ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارتی قومی ترانےکے دوران چیونگم چبانےوالا کشمیری کرکٹرتنقید کی زدمیں

واضح رہے کہ اتر پردیش کی حکومت نے 15 اگست کو ریاست کے تمام مدارس میں قومی پرچم لہرانے اور ویڈیو بنانے کا حکم دیا ہے۔ ریاست کے سرکاری مدرسہ بورڈ کی جانب سے 3 اگست کو مختلف اضلاع کے حکام کو ایک خط بھیجا گیا تھا جس میں حکم دیا گيا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہونے والے پروگراموں کی ویڈیو بنائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔