امریکا سے دوستی گھاٹے کا سودا ہے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  جمعـء 29 دسمبر 2017
عوام اب آخری فیصلہ کرنے والے ہیں کہ ملک کا حکمران کون ہوگا، وزیر خارجہ فوٹو: فائل

عوام اب آخری فیصلہ کرنے والے ہیں کہ ملک کا حکمران کون ہوگا، وزیر خارجہ فوٹو: فائل

سیالکوٹ: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا کی دوستی سراسر گھاٹے کا سودا ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا سے پارٹنر شپ میں پاکستان کا فائدہ ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمیں اس پارٹنر شپ سے ہمیشہ گھاٹا ہی ہوا ہے، امریکہ کا بیان اس خطے میں اپنی تمام تر ناکامیوں کی داستان ہے، ہم جو بھی پارٹنر شپ کریں گے اپنے فائدے کے لئے کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن رہنما خورشید شاہ کو سعودی عرب کے حوالے سے اعتراضات نہیں ہونے چاہئیں، میاں برادران نے جلا وطنی کے آٹھ سال وہاں گزارے ہیں اور وہاں ان کے خاندانی تعلقات ہیں، روزگار کے سلسلہ میں بھی 26 لاکھ پاکستانی وہاں ہیں ، ایسے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا وہاں جانا ناگوار بات نہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستا ن کے عوام آخری فیصلہ کرنے والے ہیں کہ اس ملک کا حکمران کون ہوگا، 2014ء سے دھرنوں کی سیاست میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، جولائی میں تو الیکشن ہونے جارہے ہیں اب یہ لوگ دھرنا دے کر کیا کریں گے، پی ٹی آئی والوں نے دعوی کیا تھا کہ وہ بجلی پیدا کرکے دوسرے صوبوں کو بھی تقسیم کرینگے لیکن انہوں نے ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی، پیپلز پارٹی نے ملک کو اندھیروں میں ڈالا جبکہ ہم نے اندھیروں سے نکالا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔