بھارت میں ظلم کے خلاف بولنے والوں کی آواز دبائی جارہی ہے، نصیرالدین شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 جنوری 2019
پورے بھارت میں نفرت اور ظلم کا بے خوف ناچ جای ہے ، نصیرالدین شاہ فوٹواسکرین گریب

پورے بھارت میں نفرت اور ظلم کا بے خوف ناچ جای ہے ، نصیرالدین شاہ فوٹواسکرین گریب

نئی دہلی: بالی ووڈ کے باصلاحیت اداکار نصیر الدین شاہ نے ایک بار پھر بھارت کا مکروح چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مذہب کے نام پر نفرتوں کی دیواریں کھڑی کی جارہی ہیں۔

نصیرالدین شاہ نے سماجی مسائل کے لیے کام کرنے والی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کےٹو ئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ بھارت میں بڑھتے عدم برداشت اور ظلم کے خلاف بات کرتے نظر آرہے ہیں۔ نصیرالدین شاہ نے کہا’’ہمارے آزاد ملک کے آئین کی شروع کی سطروں میں ہی بنیادی اصول واضح کردئیے گئے جن کا مقصد یہ تھا کہ بھارت کے ہر ایک شہری کو سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف مل سکے، سوچنے بولنے اور کسی بھی مذہب کو ماننے اورکسی بھی طرح کی عبادت کرنے کی آزادی ہو، ہر انسان کو برابر سمجھا جائے، ہر انسان کی جان اور مال کی عزت کی جائے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نصیرالدین شاہ کو بھارت چھوڑ کر پاکستان چلے جانا چاہئے

ہمارے ملک میں جو لوگ غریبوں کے گھروں کو، زمینوں کو، روزگار کو تباہ ہونے سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں ، ذمہ داریوں کے ساتھ حقوق کی بات کرتے ہیں، کرپشن کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، تو وہ لوگ دراصل ہمارے اسی آئین کی رکھوالی کررہے ہوتے ہیں۔ لیکن اب حق کیلئے آواز اٹھانے والے جیلوں میں بندہیں، فنکار، ادیب اورشاعر سب کے کام پر روک لگائی جارہی ہے ، اور صحافیوں کو بھی خاموش کیاجارہاہے۔

نصیرالدین شاہ نے کہا بھارت میں مذہب کے نام پر نفرتوں کی دیواریں کھڑی کی جارہی ہیں،  معصوموں کا قتل ہورہا ہے، پورے ملک میں نفرت اور ظلم کا بے خوف ناچ جاری ہے اور اس سب کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے دفتروں پر چھاپے مارکر انہیں خاموش کرایا جارہا ہے تاکہ وہ سچ بولنے سے باز آجائیں۔  نصیرالدین شاہ نے سوال پوچھتے ہوئے کہا کیا ہم نے ایسے ہی ملک کا خواب دیکھاتھا کہ جہاں اختلاف کی کوئی گنجائش نہ ہو، جہاں صرف امیر اورطاقتور ہی کی آواز سنی جائے، جہاں غریب اورکمزور کا ہمیشہ کچلا جائے، بھارت میں ہر طرف اندھیرا ہے۔‘‘

نصیرالدین شاہ کا یہ بیان اس وقت سامنے  آیا ہے جب  بھارتی حکومت کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت مختلف این جی اوز  کے خلاف کریک ڈاؤن کیاگیاہے۔ ویڈیو کے ساتھ پیغام میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ برس بھارت میں اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن دیکھنے میں آیا۔ تاہم نئے سال میں ہمیں اپنی آئینی اہمیت کے لیے کھڑا ہوناہوگا اور حکومت کو بتانا ہوگا کہ اب اس کریک ڈاؤن کو ختم ہوجانا چاہئے۔

واضح رہے کہ  چند روز قبل بھی  نصیرالدین شاہ بھارت میں پھیلی خوف کی فضا کے خلاف آواز اٹھانے پر مشکل میں آگئے تھے  انہوں نے کہا تھا بھارت میں رہ کر وہ اپنے بچوں کے لیے فکر مند ہیں کیونکہ یہاں ایک گائے  کی جان کسی بھی پولیس اہلکار کی جان سے زیادہ قیمتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔