عدنان سمیع وہ واحد شخص ہے جس پر تمام پاکستانی شرمندہ ہیں، شان

ویب ڈیسک  اتوار 3 مارچ 2019
عدنان سمیع کو بھارت کے حق میں ٹوئٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہاہے فوٹوفائل

عدنان سمیع کو بھارت کے حق میں ٹوئٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہاہے فوٹوفائل

کراچی: معروف پاکستانی اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ عدنان سمیع وہ واحد پاکستانی پیداوار ہے جس کے ہونے پر ہم شرمندہ ہیں۔

پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور پلوامہ حملے کے دوران گلوکار عدنان سمیع خان نے بھارت کے ساتھ اپنی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی فوج اور نریندر مودی کے حق میں ٹوئٹ کی تھی۔ عدنان سمیع کے اس ٹوئٹ پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنا غصہ اس طرح نکالا کہ انہیں بھارت میں پاکستانی خفیہ ایجنٹ قرار دے دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  سونو نگم کی شرانگیزی پھیلانے پر اپنے ہی میڈیا کی چھترول

عدنان سمیع کی اس غداری پرنا صرف پاکستانی عوام شدید غصے میں ہیں بلکہ پاکستانی فنکاروں نے بھی انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ اداکار شان نے کہا ’’عدنان سمیع نا تو پاکستانی ہے اورنا ہی پاکستانی انٹیلی جنس کا کوئی خفیہ ایجنٹ، جسے کوئی اعزاز دیا جائے، وہ  واحد پاکستانی ساختہ پیداوار ہے  جس پر ہم شرمندہ ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا عدنان سمیع تمہارا ہے اسے اپنے پاس رکھو۔‘‘

دوسری جانب اداکار احسن خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عدنان سمیع کی مثال دھوبی کے اس کتے کی ہے جو گھر کا ہوتا ہے اور نہ ہی گھاٹ کا کیونکہ جس شخص کو اس ملک کی پرواہ نہیں جس میں اس کے والدین اور اولاد رہتی ہے،جس میں اس کا جنم ہوا اور جس نے اسے سب کچھ دیا اس سے خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیئے۔

احسن خان نے کہا کہ عدنان سمیع جیسے شخص کو اس ملک سے چلے ہی جانا چاہیئے تھاکیونکہ جو اپنے ملک کا نہ بن سکا وہ کسی اور کا کیا بنے گا، کچھ لوگ ہر طرح کے احساس سے عاری ہوتے ہیں اور ان میں ایک شخص یہ بھی ہے جس کی پہچان پاکستان ہے لیکن جو اپنی دھرتی ماں کو بھول جائے اس سے خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیئے۔

احسن خان نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم باشعور ہے جسے عدنان سمیع کی بکواس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، عدنان سمیع کی باتوں کوسنجیدہ نہ لیں کیونکہ وہاں اکیلا رہ رہ کر اس کا دماغ خراب ہوگیا ہے لہٰذہ ایسے شخص کی باتوں کا برانہ منائیں۔فنکار دنیا میں کہیں بھی ہوں انہیں خیرسگالی کا پیغام دینا چاہیئے۔ پوری پاکستانی قوم کو اس بات پر شرم آتی ہے کہ کبھی عدنان سمیع اس ملک کا حصہ تھا لیکن اچھا ہی ہے کہ اب اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں،وہ ہندوستان سے وفاداری نبھانے کے لئے کچھ بھی کرسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔