رنبیر کپور 90 کی دہائی کے سنجے دت بن گئے

ویب ڈیسک  منگل 21 فروری 2017
رنبیر کپور نے سنجے دت کی طرح لمبے بال رکھے ہوئے ہیں جب کہ لباس بھی انہی کی طرح زیب تن کیا ہوا ہے۔ فوٹو؛ فائل

رنبیر کپور نے سنجے دت کی طرح لمبے بال رکھے ہوئے ہیں جب کہ لباس بھی انہی کی طرح زیب تن کیا ہوا ہے۔ فوٹو؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور کی پہلی تصویر منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے سنجے دت کا 90 کی دہائی کا لمبے بالوں والا انداز اپنایا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار رنبیر کپور فلم میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے کڑی محنت کررہے ہیں جب کہ انہوں نے فلم میں اپنے کردار کو مزید بہتر کرنے کے لیے سنجے دت کے ساتھ بھی وقت گزارا ہے۔

فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہونے کے بعد پہلی بار رنبیر کپور کی دوران شوٹنگ تصویر منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رنبیر نے سنجے دت کا 90 کی دہائی کا لمبے بالوں والا وہ انداز اپنایا ہوا ہے جس پر سنجے دت کے مداح ان کے دیوانے تھے جب کہ رنبیر نے لباس بھی ایسا ہی زیب تن کر رکھا ہے جو سنجے دت عام طور پر فلموں میں زیب تن کیا کرتے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سنجے دت کا کردار ادا کرنے کیلیے خود کو اہل نہیں سمجھتا، رنبیر کپور

فلم میں رنبیر کے ساتھ سونم کپور جلوہ گر ہوں گی جب کہ منیشا کوائرالا سنجے دت کی ماں کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی اس کے علاوہ عامر خان کی شہرہ آفاق فلم ’’پی کے‘‘ میں ادکاری کے جوہر دکھانے والی انوشکا شرما بھی فلم میں مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میرے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی

دوسری جانب سنجے دت کے مداح نے رنبیر کے اس روپ سے متاثر ہوکر سوشل میڈیا پر سنجو بابا کی 90 کی دہائی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ رنبیر کپور نے بہت محنت کی ہے اور اب اس فلم سے ہماری توقعات بہت زیادہ ہوگئی ہیں لہٰذا ہمیں نیچا مت دکھانا۔

https://twitter.com/imshiva17/status/833957288767528962

واضح رہے کہ ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ سے بالی ووڈ میں ہدایت کاری کا سفر شروع کرنے والے راج کمار ہیرانی نے اپنے دوست سنجے دت کی زندگی پربننے والی فلم میں عامر خان کو سنجے کے والد لیجنڈ اداکارسنیل دت کا کردارادا کرنے کی آفر کی تھی جس سے انہوں نے معذرت کرلی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔