سنجے دت کی نئی فلم کا پوسٹر بھی ہالی ووڈ فلم کا چربہ نکلا

ویب ڈیسک  پير 31 جولائی 2017

ممبئی: سنجے دت کی نئی فلم ’’بھومی‘‘ کا پوسٹر ہالی ووڈ فلم ’’دی گرے‘‘ کی ہوبہو نقل نکلا۔

بالی ووڈ میں چوری کرکے یا نقل کرکے فلمیں بناناعام بات ہے، یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی آدھی فلمیں کسی ہالی ووڈ فلم یا کامیاب پاکستانی فلموں کا چربہ ہوتی ہیں ،دلچسپ بات یہ ہے کہ نا صرف کہانی بلکہ موسیقی اور فلموں کے پوسٹرز تک چوری کرلیے جاتے ہیں ، میڈیا میں پہلے بھی کئی بار اس بات پر بحث ہوچکی ہے کہ بھارتی ہدایت کار و پروڈیوسرز ہالی ووڈ فلموں کے پوسٹرز اور کہانی نقل کرتے ہیں وہ بھی اتنے بھونڈے انداز سے کہ صاف پتہ چل جاتا ہے اور وہ یہ کام  اتنی ڈھٹائی سے کرتے ہیں کہ انہیں اپنے اس عمل پر کوئی شرم بھی محسوس نہیں ہوتی ۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:   کہانی چوری کرنے پر سلمان خان کیخلاف مقدمہ

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کاپی کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے اور اس بار کسی اور پر نہیں بلکہ سنجے دت کی فلم ’’بھومی‘‘کے پوسٹر پر چوری کا الزام لگا ہے، اداکار سنجے دت نےاپنی سالگرہ کےدن فلم  کا پوسٹر ریلیز کیا جو ہوبہو ہالی ووڈ فلم ’’دی گرے‘‘ کی نقل تھا۔

فلم کے پوسٹر کی نقل کے بعداداکار سنجے دت اور فلم کے ہدایت کار امنگ کمار کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم چوری کا الزام لگنے کے بعد سنجے دت کی جانب سےتو کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن ایک اور فلمساز ابھینوسنہا جن کا فلم بھومی سے دور دور تک کوئی لینا دینا نہیں ہے نے کافی طیش میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے گزشتہ شام بھومی کا پوسٹر دیکھا اور یہ بہت شاندار ہے ،وہ لوگ جو اسے فلم ’’دی گرے‘‘ کی نقل کہہ رہے ہیں میرے نزدیک وہ سب غلط ہیں کیونکہ دونوں پوسٹرز میں سوائے مرکزی کرداروں کے سامنے سے لی گئی تصویرکے علاوہ باقی کچھ بھی ایک جیسا نہیں، ابھینو سنہا کا فلم سے کوئی لینا دینا نہیں اس کے باوجود ان کا غصہ سمجھ سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’’بھومی‘‘ سنجے د ت کے کیرئیر کیلئے نہایت اہم ہے کیونکہ جیل سے واپسی کے بعد اسی فلم کے ذریعے سنجے دت بالی ووڈ میں واپسی کررہے ہیں لیکن ریلیز سے پہلے فلم کے پوسٹر پر چوری کا الزام لگنا ان کے کیرئیر کو نقصان پہنچا سکتا ہے، فلم میں اداکارہ آدیتی راؤ حیدری سنجے دت کی بیٹی کا کردار نبھا رہی ہیں فلم رواں سال 22 ستمبر کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔