رنبیر کپور نے سنجے دت کو فراڈ قرار دیدیا

ویب ڈیسک  منگل 8 اگست 2017
سنجے دت ایک  متنازعہ شخص ہیں جسے لوگ پسند  کرنے کے ساتھ ناپسند بھی کرتے ، رنبیر کپور  - فوٹو: فائل

سنجے دت ایک متنازعہ شخص ہیں جسے لوگ پسند کرنے کے ساتھ ناپسند بھی کرتے ، رنبیر کپور - فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں سنجوبابا کا کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ وہ گاندھی جیسے شخص کا نہیں بلکہ ایک فراڈ آدمی کا کردار ادا کررہے ہیں۔

بالی ووڈ کو ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘، ’’لگے رہو منا بھائی‘‘، ’’تھری ایڈئٹس‘‘ اور ’’پی کے‘‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والے نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایت کار راجو ہیرانی اپنے دوست سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے میں مصروف ہیں جس میں نوجوان اداکار رنبیر کپور مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں ؛ رنبیر کپور 90 کی دہائی کے سنجے دت بن گئے

رنبیر کپور کے ڈوبتے کیرئیر کے لیے اس فلم کو انتہائی اہم سمجھا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ بھی سنجے دت کا کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور محنت کررہے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے سنجو بابا کے مختلف روپ دھارنے کے لیے پہلے اپنا وزن کم کرکے 90 کی دہائی والے سنجے دت بنے اور پھرموجودہ سنجو بابا نظرآنے کے لئے  اپنا وزن بھی بڑھایا جب کہ اس حوالے سے ان کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں جسے مداحوں نے خوب سراہا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سنجے دت جیسی زندگی گزارنے کے لیے 100 بار پیدا ہونا ہوگا، رنبیرکپور

ایک انٹریو میں رنبیر کپور نے سنجے دت کو فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم گاندھی جی کا نہیں بلکہ ایک فراڈ شخص کا کردار لوگوں کے سامنے پیش کررہے ہیں اور وہ ایک  متنازعہ شخص ہیں جسے لوگ پسند  کرنے کے ساتھ ناپسند بھی کرتے اور ایسے شخص کا اپنے زندگی پر فلم بنانے دینے کا فیصلہ بڑی جرات کا کام ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ رنبیر کپور جیل سے رہا ہوگئے

رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو میں اپنی زندگی کے حوالے سے اتنا ایماندار ہوتا اور خود کو ایسا بناتا جو دکھنے میں بہت اچھا نہیں ہے، البتہ مداحوں کے لیے سنجے دت کی زندگی سے سبق حاصل کرنے کے لیے بہت کچھ ہے اور میں سمجھتا ہوں یہ اس فلم کی بہت مثبت بات ہے۔

واضح رہے سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم آئندہ سال مارچ میں ریلیز کی جائے گی جس میں میں پاریش راول سنجے دت کے باپ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ دیا مرزا ان کی بیوی اور منیشا کوائرالا سنجے دت کی ماں کا کردار ادا کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔