سپریم کورٹ کا نیا عوامی سہولت پورٹل فعال کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پورٹل سے عوام کو عدالتی معلومات اور رہنمائی تک آسان رسائی حاصل ہوگی، پورٹل سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر پبلک پورٹل کے نام سے دستیاب ہے، شہری اب آن لائن کیس کی تفصیلات، درخواستوں کی صورتحال اور شکایات درج کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اپلیکیشن اسٹیٹس سیکشن کے ذریعے جلد شنوائی کی درخواست، مقدمہ ملتوی کرنے کی درخواست اور ویڈیو لنک درخواست مانیٹر کی جا سکتی ہیں، ہیلپ لائن 1818 کے ذریعے سپریم کورٹ سے براہ راست رابطہ کر کے بھی معلومات لی جا سکے گی، بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اوور سیز پورٹل بھی فعال کر دیا گیا۔
اس میں کہا گیا کہ اوورسیز لٹیگنٹس پورٹل بیرون ملک پاکستانیوں کو عدالتی کارروائی سے جوڑے رکھے گا، فیڈبیک پورٹل کے ذریعے عوامی شرکت اور عدالتی احتساب کو فروغ دیا گیا ہے، اینٹی کرپشن رپورٹنگ میکانزم کے ذریعے خفیہ شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔