مقبوضہ کشمیرمیں پاکستانی ترانہ پڑھنے والے کھلاڑیوں کیخلاف مقدمہ درج

اے پی پی  بدھ 24 مئ 2017
’’ کشمیر بھارت کا نہیں ‘‘ بھارتی رہنماؤں کے بیانات درست ہیں تو انہیں ریفرنڈم کرانا چاہیے ۔  فوٹو : فائل

’’ کشمیر بھارت کا نہیں ‘‘ بھارتی رہنماؤں کے بیانات درست ہیں تو انہیں ریفرنڈم کرانا چاہیے ۔ فوٹو : فائل

 سری نگر:  مقبوضہ کشمیر میں حکام نے پاکستانی کھلاڑیوں کا یونیفارم پہن کر اور آزاد کشمیر کا قومی ترانہ پڑھ کر کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ کھیلنے والے طلبہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام اس ٹورنامنٹ کی وڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد کیا گیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ وڈیو کی تصدیق کے بعد متعلقہ افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ایس پی چوہدری اسلم کے مطابق ایف آئی آر کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظمین کے خلاف درج کرائی گئی ہے۔ وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اسکول کے طلبہ کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں شائننگ سٹار پامپور اور پلوامہ ٹائیگرز کے درمیان میچ کے وقت اسٹیڈیم کو بھارتی فوج کے ہاتھوں مارے جانے والے نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کی بڑی بڑی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے صدر امیت شاہ اور دوسرے بھارتی رہنماؤں کے کشمیر سے متعلق حالیہ بیانات کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ کشمیر، نہ کشمیری اور نہ کشمیریت بھارت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔