سلمان اورشاہ رخ خان ڈسٹری بیوٹرکو لے ڈوبے

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2017
سلمان اور شاہ رخ خان کی ناکام فلموں کی وجہ سے میرے 60 کروڑ روپے ڈوب گئے؛ڈسٹری بیوٹر؛فوٹوفائل

سلمان اور شاہ رخ خان کی ناکام فلموں کی وجہ سے میرے 60 کروڑ روپے ڈوب گئے؛ڈسٹری بیوٹر؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اور کنگ شاہ رخ خان کی پے درپے ناکام فلموں نے سینما مالکان کوبھاری نقصان سے دوچار کروایا ہے۔

لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والےاداکار سلمان  اور شاہ رخ خان کی ایک کے بعد ایک ناکام فلموں کے باعث میڈیا میں یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ دونوں خانز کا سحر اب ٹوٹ چکا ہے اور لوگ ان کے بجائے کم عمر اور نواجوان اداکاروں کو پردے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’ٹیوب لائٹ‘‘ سے سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز دیوالیہ ہوگئے

رواں سال ریلیز ہونےوالی دونوں خانزکی فلمیں ’’ٹیوب لائٹ‘‘ اور’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ توقع کے خلاف باکس آفس پر ناکامی کا شکار ہوگئیں، ٹیوب لائٹ کی ناکامی کی توقع سلمان خان سمیت  کسی کو بھی نہیں تھی لہٰذا سلمان نے فلم ڈسٹری بیوٹرز کے ہونےوالے نقصان کا ازالہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این ایچ اسٹوڈیوز کے مالک اور فلم ڈسٹری بیوٹرنریندرا ہراوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے فلم ٹیوب لائٹ اور جب ہیری میٹ سیجل کے حقوق فلموں کی ریلیز سے قبل ہی خرید لیے تھے انہیں یقین نہیں تھا کہ یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر ناکامی کا شکار ہوجائیں گی، کیونکہ لوگ فلم دیکھنے نہیں بلکہ سلمان اور شاہ رخ کو دیکھنے سینما آتے ہیں تاہم فلموں کی ناکامی سے انہیں سخت دھچکا لگا ہے جب کہ ان کے 60 کروڑ روپے بھی ڈوب گئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میری نئی فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی کاغم بھلادے گی،سلمان خان کا دعویٰ

ہراوت نے کہا کہ سلمان خان نے ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز سے وعدہ کیا تھا کہ وہ نقصان اٹھانے والے تمام ڈسٹری بیوٹرز کو اپنی جیب سے رقم اداکریں گے ، میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ سلمان خان 35 کروڑ کی رقم بھی اداکرچکے ہیں لیکن مجھے ابھی تک کوئی پیسہ نہیں ملا۔

دوسری جانب نریندرا ہراوت کو شاہ رخ خان کی ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی ناکامی سے دوبارہ بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔  ان کا کہنا تھا کہ  مجھے امید نہیں تھی کہ شاہ رخ خان کی فلم جب ہیری میٹ سیجل باکس آفس پرناکام ہوجائے گی ٹیوب لائٹ کی طرح میں نے اس فلم کے بھی حقوق خریدے ہوئے تھے اور اب میں 60 کروڑ کی بھاری رقم کا نقصان اٹھا چکا ہوں، میری شاہ رخ خان سے درخواست ہے کہ وہ میرا نقصان پورا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔