حمیرا ارشد منشیات استعمال کرتی ہیں، سابق شوہر احمد بٹ

ویب ڈیسک  پير 5 ستمبر 2016
حمیرا ارشد اور احمد بٹ 12 برس رشتہ ازدواج سے منسلک رہے فوٹو: فائل

حمیرا ارشد اور احمد بٹ 12 برس رشتہ ازدواج سے منسلک رہے فوٹو: فائل

 لاہور: معروف گلوکارہ حمیرا ارشد کے سابق شوہر احمد بٹ نے ان پر منشیات استعمال کرنے کا الزام  لگایا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حمیرہ ارشد اور احمد بٹ کے درمیان بچے کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت لاہور کی ماتحت عدالت میں ہوئی۔ عدالت کی جانب سے کیس کا فیصلہ سنایا جانا تھا تاہم سانحہ مردان پر پاکستان بار کونسل کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے باعث فریقین کے وکلا پیش نہ ہوئے جس کے باعث عدالت نے سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حمیرا ارشد نے کہا کہ ان کے سابق شوہر احمد بٹ کی جانب سے ان پر منشیات کا استعمال کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے جو کہ سراسر جھوٹا ہے، اگر اس الزام میں حقیقت ہے تو وہ 12 برسوں سے چپ کیوں رہے جب کہ احمد بٹ کا کردار تو فلم انڈسٹری سے جڑے تمام لوگوں کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو امریکا میں پڑھائیں گی اور انہیں اچھی تربیت فراہم کریں گی۔

دوسری جانب احمد بٹ کاکہنا تھاکہ وہ حمیرا کی عزت کرتے تھے لیکن انجام ایسا ہو گا معلوم نہیں تھا، انہیں امید ہے کہ بچے کی حوالگی سے متعلق عدالت کا فیصلہ ان کے حق میں ہوگا۔

واضح رہے کہ حمیرا ارشد اور احمد بٹ 12 برس رشتہ ازدواج سے منسلک رہے تاہم گزشتہ برس سے ان کے درمیان اختلافات سامنے آئے اور ان کے درمیان طلاق ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔