بھارت کا جنگی جنون حد سے بڑھنے لگا؛ 5 ہزار کلومیٹر کے اگنی میزائل کا تجربہ

ویب ڈیسک  بدھ 27 اکتوبر 2021
 بھارت نے رواں سال جون میں بھی اگنی سیریز کے نئے میزائلوں کو اڑیسہ کے ساحل سے تجرباتی طور پر فائر کیا تھا۔(فوٹوـ انٹرنیٹ)

بھارت نے رواں سال جون میں بھی اگنی سیریز کے نئے میزائلوں کو اڑیسہ کے ساحل سے تجرباتی طور پر فائر کیا تھا۔(فوٹوـ انٹرنیٹ)

اڑیسہ: بھارت نے ریاست اڑیسہ کے ساحل پر 5 ہزار کلومیٹر رینج کے اگنی 5 میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت نے لداخ میں چین کے ساتھ گزشتہ 17 ماہ سے جاری فوجی تصادم کے بعد اپنی جنگی صلاحیتوں کو بڑھانا شروع کردیا ہے اور اب سے کچھ دیر قبل ہی زمین سے زمین تک 5 ہزار کلومیٹر تک مارکرنے والے میزائل اگنی 5 کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

اس بارے میں بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اگنی 5 کے کامیاب تجربے سے چین کے زیادہ تر جنوبی حصے ہمارے نشانے پر آگئے ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس تجربے کی دو نمایاں باتیں ہیں اول یہ کہ یہ ٹرائی سروس اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کی جانب سے بننے والا ملک کا پہلا بین براعظمی بیلسٹک میزائل ہے، دوسرایہ کہ یہ پہلا میزائل ہے جسے رات کے وقت لانچ کرنے سے قبل سات بار ٹیسٹ کیا گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ڈیڑھ ٹن وزنی وار ہیڈ لےجانے کی صلاحیت رکھنے والے اس میزائل کو بھارتی وقت کے مطابق 7 بج کر 50 منٹ پر اڑیسہ کے ساحل کے قریب اے پی جی عبدالکلام جزیرے سے فائر کیا گیا۔ زمین سے زمین تک 5 ہزار کلومیٹر تک درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھنے والے اس میزائل میں تین مرحلوں پر مشتمل ٹھوس ایندھن والا انجن استعمال کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں بھی بھارت نے اگنی سیریز کے مکمل نئے میزائلوں کو اڑیسہ کے ساحل سے تجرباتی طور پر فائر کیا تھا۔ اور ہائی ٹیک نیوکلیئر صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل اگنی پرائم کو بھی عبدالکلام جزیرے کے کمپلیکس 5 سے تجرباتی طور پر فائر کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔