فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد سلمان خان کوایک اوربڑا دھچکا

ویب ڈیسک  اتوار 9 جولائی 2017
 فلم ٹیوب لائٹ کو 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں بھی ایک ہفتے سے زائد کا وقت لگ گیا؛فوٹو فائل

فلم ٹیوب لائٹ کو 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں بھی ایک ہفتے سے زائد کا وقت لگ گیا؛فوٹو فائل

ممبئی: سلمان خان کی فلم’’ ٹیوب لائٹ‘‘ فلمی شائقین کومتاثرکرنے میں ناکام رہی جس کے بعد سلمان خان خاصے پریشان ہوگئے اوراب فلم کی ناکامی کے بعد دبنگ خان کوسینما مالکان کو بھاری رقم بھی ادا کرنی پڑے گی۔

سلمان خان ہرسال عید کے موقع پراپنی فلم نمائش کیلئے پیش کرتے ہیں جو ریلیز ہوتے ہی کمائی کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑدیا کرتی تھی، سلمان کو بالی ووڈ کا سلطان ایسے ہی نہیں کہا جاتا بلکہ ان کی فلمیں بھارتی سینماؤں پر راج کرتی ہیں اور ان سے ہونے والی غیر معمولی آمدنی سلمان کو واقعی ’’سلطان‘‘ بنادیتی ہے لیکن اس بار دبنگ خان کی قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور ان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ ناکامی کا شکار ہوگئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’ٹیوب لائٹ‘‘ سے سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز دیوالیہ ہوگئے

ہدایت کار کبیر خان اور سلمان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ اس بار بھی  بہت امیدوں کے ساتھ نمائش کیلئے پیش کی گئی تھی لیکن فلم شائقین کی توقعات پر پوری نہ اتر سکی جبکہ فلم کو 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں بھی ایک ہفتے سے زائد کا وقت لگ گیا جس کی وجہ سے سنگل اسکرین پر فلم کو ریلیز کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز اور سینما مالکان کو 50 سے 55 کروڑ کا بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نقصان برداشت کرنے والے سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز جلد ہی سلمان خان سے ملاقات کریں گےاور ان سے 55 کروڑ روپے کا مطالبہ کریں گے تاہم ریلیز سے قبل سلمان خان نے نے فلم کو ہونے والے نقصان کے حوالے سے رقم  ادا کرنے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ فیوز ہوگئی

واضح رہے کہ سلمان کی گزشتہ سال عید پرریلیز ہوئی فلم ’’سلطان‘‘ تین دن میں 105 کروڑ 53 لاکھ  اور’’بجرنگی بھائی جان‘‘ نے 102 کروڑ 60 لاکھ روپے کمالئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔