پی ایس ایل کے نمائشی میچ کیلیے ٹکٹ کی قیمت صرف 20روپے

اسپورٹس رپورٹر  پير 30 جنوری 2023
فوٹو : پی ایس ایل/ٹویٹر

فوٹو : پی ایس ایل/ٹویٹر

  کراچی: پی ایس ایل 8 سے قبل کوئٹہ میں 5فروری کو کھیلے جانے والے نمائشی کرکٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوگیا۔

بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں عوام کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ٹکٹ کی قیمت محض 20 روپے رکھی گئی ہے، یہ ٹکٹ کوئٹہ کے چار مختلف مقامات پر فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں جن میں بولان کرکٹ اسٹیڈیم اور بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم بھی شامل ہیں۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1619666675095175168?s=20&t=Q7XhPPakrG-uZ8U3dYsbFQ

پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے اس نمائشی میچ میں ملک کے نامور کرکٹرز شرکت کریں گے جن میں شاہد خان آفریدی بھی شامل ہیں، ان کے ہونے والے داماد اور ممتاز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنی شادی کی تیاریوں کے سبب میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

تاہم قومی کپتان بابراعظم، سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، محمد نواز، نسیم شاہ، افتخار احمد، محمد حسنین اور عمر اکمل جیسے کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق میچ میں کسی غیر ملکی کرکٹر کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔