یاسرحسین نے لکس اسٹائل ایوارڈ کے خلاف بولنے والے فنکاروں کوآڑے ہاتھوں لے لیا

ویب ڈیسک  بدھ 3 اپريل 2019
گزشتہ چند برسوں سے لکس اسٹائل ایوارڈز اپنی نامزدگیوں کو لے کر مختلف تنازعات کا شکار بنے ہوئے ہیں فوٹوفائل

گزشتہ چند برسوں سے لکس اسٹائل ایوارڈز اپنی نامزدگیوں کو لے کر مختلف تنازعات کا شکار بنے ہوئے ہیں فوٹوفائل

نامورپاکستانی اداکاریاسر حسین نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں کے خلاف شور مچانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے کچھ اداکاروں کو ایوارڈ کے خلاف بولنے کے لیے پیسے دئیے گئے ہیں۔

لکس اسٹائل ایوارڈ کا شمارپاکستان کے بڑے ایوارڈز میں ہوتا ہے جس میں ہر سال شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کومختلف کیٹیگریزمیں ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ تاہم گزشتہ چند برسوں سے لکس اسٹائل ایوارڈز اپنی نامزدگیوں کو لے کر مختلف تنازعات کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ رواں سال بھی لکس اسٹائل ایوارڈز نامزدگیوں کے اعلان کے بعد سے ہی تنازعات کاشکار ہوگئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 کی نامزدگیوں کا اعلان

ایوارڈز کی نامزدگیوں پرسوال اٹھانے والوں میں اداکار محسن عباس حیدر شامل ہیں جنہوں نے ڈراما سیریل ’’میری گڑیا‘‘ کو کسی ایک کیٹیگری میں بھی نامزد نہ کیے جانے پرمایوسی کا اظہارکیا ہے۔ محسن عباس کے علاوہ میوزک کمپوزر، پروڈیوسر اورگلوکار شانی ارشد نے بھی ڈراما سیریل ’’کوئی چاند رکھ‘‘ کے ٹائٹل سانگ کو نامزد نہ کیے جانے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی ماڈل ایمان سلیمان کو بہترین ایمرجنگ ٹیلنٹ ان فیشن کے لیے نامزد کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنی نامزدگی کو یہ کہہ کر تسلیم کرنے سے انکارکردیا کہ وہ کسی ایسے انسان کے ساتھ نامزد نہیں ہونا چاہتیں جو خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی جیسے فعل میں ملوث ہو۔(ایمان سلیمان کا اشارہ شاید علی ظفر کی طرف ہے)۔

تاہم جہاں فنکار لکس اسٹائل ایوارڈز کی غیر منصفانہ نامزدگیوں پر تنقید کررہے ہیں وہیں اداکار یاسر حسین نے الٹا ان فنکاروں کو ہی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر پیسے لے کر ایوارڈز پر تنقید کرنے کا الزام لگا دیا۔ یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا ’’کچھ اداکاروں نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں کو آسکر کا درجہ دے دیا ہے، مجھے ایسا لگ رہا ہےجیسے انہیں پیسے دے کر بلوایا جارہا ہے۔‘‘

یاسر حسین نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوئی بھی ایوارڈ منصفانہ نہیں ہوتے ہمارے پرانے لوگ کب یہ بات سمجھیں گے؟ جب ان لوگوں کو نامزد کیا جاتا ہے تو سب صحیح ہے لیکن جب انہیں نامزد نہیں کیا جاتا تو لکس اسٹائل ایوارڈز غیر منصفانہ ہوگئے۔

یاسر حسین نے مزید کہا دنیا بھرمیں ایوارڈز کے پیچھے ایک لابی ہوتی ہے اس کے علاوہ ہمارے یہاں ایوارڈ شوز کی میزبانی چند ٹی وی چینلزکرتے ہیں تو ظاہرہی سی بات ہے وہ اپنی لابی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ہی نوازیں گے۔  لکس اسٹائل ایوارڈز کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہا اس معاملے پر اتنا شورکیوں مچایا جارہا ہے، اسی لیے میں نے مذاق کرتے ہوئے لکھا ’’ایسا لگ رہا ہے جیسے لکس نے تمام لوگوں کو ایوارڈز کو بڑھاوا دینے کے لیے ادائیگی کی ہے۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔