نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی، شہباز شریف

ویب ڈیسک  پير 13 نومبر 2017
دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو: فائل

دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا، دیہی و شہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے، شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی پر بھی بھر پور توجہ دی گئی ہےِ، گزشتہ سوا 4 برس کے دوران ترقی کی متوازن حکمت عملی پر عمل درآمد کیا گیا ہے لیکن خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوٹرن لینے والے سیاست دان نے جھوٹ بولنے کے بھی عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں، یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے ہر موقع پر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن باشعور عوام نے ان کی ہر سازش کو اتحاد کی قوت سے ناکام بنایا، ان شکست خوردہ عناصر کی سیاست جھوٹ، بے بنیاد الزامات اور دشنام طرازی کے گرد گھوم رہی ہے، ان عناصر نے ملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی سازش کی۔  اربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے غریب قوم کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ساتھ کھڑا کر کے تبدیلی اور نئے پاکستان کی باتیں کرنا انہیں زیب نہیں دیتا۔ عام انتخابات 2018 میں عوام ان کی منفی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔