بگ باس کی میزبانی نے سلمان خان کو ایک اور مشکل میں ڈال دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اکتوبر 2017
 سلمان خان کی جانب سے مجھے2  دن میں  40 دھمکیاں ملی ہیں جب کہ 200 کے قریب فون کالز بھی کی گئیں،زبیر خان؛فوٹوفائل

سلمان خان کی جانب سے مجھے2 دن میں 40 دھمکیاں ملی ہیں جب کہ 200 کے قریب فون کالز بھی کی گئیں،زبیر خان؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان اور بگ باس کے میزبان سلمان خان پر انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے مبینہ رشتے داراور بگ باس سیزن 11 میں شامل زبیر خان نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان نے نا صرف انہیں 40 دھمکیاں دیں بلکہ 200 کے قریب مس کالز بھی دیں۔

بگ باس سیزن 11 شروع ہوئے ابھی بمشکل ایک ہفتہ ہی ہوا ہے اور سلمان خان مختلف تنازعات کا شکار ہوگئے ہیں ، اس بار بگ باس سیزن 11 میں شوبز سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات کے علاوہ بھارت کے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے رشتے دار زبیر خان نے بھی شرکت کی اور بگ باس کے گھر میں موجود تمام لوگوں کے ساتھ انتہائی خراب رویہ اپناتے ہوئے نازیبا زبان استعمال کی ، ان کی یہ حرکتیں دیکھ کر سلمان خان اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور ہفتے کے اختتام پر زبیر خان کو کھری کھری سنادیں ، یہاں تک کہ زبیر خان کارویہ بھارتی عوام کو بھی پسند نہیں آیا اورانہوں نے سب سےکم ووٹ دےکر انہیں گھرسے بے گھر کردیا، گھر سے باہر آتے ہی زبیر خان نے سلمان خان پر مقدمہ دائر کردیا اور  کہا کہ سلمان خان نے انہیں دھمکاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مجھے انڈسٹری میں کام کرنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان پر داؤد ابراہیم کے رشتے دار نے مقدمہ کردیا

یہ معاملہ اتنا زیادہ طول پکڑ گیا ہے کہ زبیر خان نے تحریری طور پر درج کی جانے والی شکایت میں موقف اختیار کیا ہے کہ بگ باس کے گھر کے اندر ویک اینڈ کے وار کے دوران سلمان خان کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے بعد وہ اتنے زیادہ دلبرداشتہ ہوگئے تھے کہ انہوں نے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔

ایک بھارتی چینل سے بات کرتے ہوئے زبیر خان نے کہا ہے کہ سلمان خان کی جانب سے انہیں لگاتار دھمکیاں مل رہی ہیں کہ وہ مجھے انڈسٹری میں کام کرنے نہیں دیں گے ، انہوں نے کہا کہ نہ میں نے سلمان خان کا نمک کھایا ہےاور نہ ہی داؤد ابراہیم کا میں کسی سے نہیں ڈرتا، میں سلمان خان کو عدالت میں گھسیٹوں گا اور پولیس کمشنر کے ساتھ ملاقات کے دوران میں بتاؤں گا کہ سلمان خان کی جانب سے مجھے2  دن میں  40 دھمکیاں ملی ہیں جب کہ 200 کے قریب فون کالز بھی کی گئی ہیں جو میں نے اٹینڈ نہیں کیں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ سلمان خان مجھے پھر سے دھمکیاں دیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کو 5 سال کی جیل

واضح رہے کہ زبیر خان کی جانب سے دائر کی جانےو الی درخواست اور الزامات کے جوابات میں ابھی تک سلمان خان کاموقف سامنے نہیں آیا ہے ، شائقین جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ سلمان خان اس بارے میں کیا ردعمل دیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔